اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے اپوزیشن رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطے

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے ہے اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کرونا وائرس کے خلاف مل کر لڑنے کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ہمیں مل کر کرونا وائرس کا مقابلہ کرنا ہے اور پوری قوم کو یہ پیغام دینا ہے کہ پوری قوم متحد ہے اور ملک کی تمام سیاسی قیادت مشکل کی اس گھڑی میں ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے عوام کی صحت متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کو معاشی طور پر چیلینجز درپیش آسکتے ہیں جس سے نمٹنے اور بروقت اقدامات کرنے کے لیے پارلیمانی کمیٹی قائم کی جا رہی ہے۔ پارلیمانی کمیٹی اپنی سفارشات حکومت کو دینے کے علاوہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ بھی لے گی۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مسلم لیگ ن کے راہنما خواجہ آصف اور رانا تنویر سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ اسپیکر نے مسلم لیگ ن کے رہنماوں سے کمیٹی کے لیے نام مانگے ہیں۔ جمعہ کی شام اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا جمعیت علماء اسلام (ف) کے راہنما مولانا اسد محمود سے بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں اسپیکر نے ان سے پارلیمانی کمیٹی کے لیے نام تجویز کرنے کو کہا۔ اسپیکر اسد قیصر دیگر پارلیمانی جماعتوں کے راہنماؤں سے بھی رابطہ کریں گے اور انہیں قوم کو عالمی وبا سے بچاؤ کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے سے متعلق آگاہ کریں گے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے تمام پارلیمانی پارٹیز کے رہنماؤں کی طرف سے کمیٹی کے ممبران کے لیے نام ملنے کے فورا بعد پارلیمانی کمیٹی کا نوٹیفکیشن کیا جائے گا۔یا د رہے گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیر اعظم کی ملاقات میں کرونا وائرس سے بچنے کے لیے حکومتی سطح پر کیے جانے والے اقدامات پر نظر رکھنے کے لیے پارلیمانی کمیٹی قائم کرنے پر دونوں راہنماؤں میں اتفاق ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں