حکومت جتنے چاہے رہنما ، کارکن گرفتار کرے گوجرانوالہ جلسہ ہوکر رہے گا ، مریم نواز
لاہور :پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت جتنے چاہے ن لیگی رہنمائوں اور کارکنوں کو گرفتار کرلے گوجرانوالہ میں جلسہ ہر صورت ہوگا۔ ن لیگی رہنما اور کارکن گرفتاریوں سے گھبرانے والے نہیں جبکہ حکومت کے خلاف اپوزیشن کی جماعتوں کی احتجاجی تحریک کامیاب ہوگی۔ جمعرات کی صبح جاتی امراء میں پاکستان مسلم لیگ ن کے بڑوں کی ایک بیٹھک میں اظہار خیال کرتے ہوئے مریم نواز نے صوبے بھر میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروں پر پولیس کے چھاپوں کی شدید مزمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے چھاپوں سے گوجوانوالہ کا جلسہ نہیں رکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے علم میں ہے کہ حکومت ٹرانسپورٹروں پر بھی دبائو ڈال رہی ہے اور اگر لیگی رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہا تو پیدا ہونے والی صورتحال کی ذمہ داری عمران خان پر عائد ہوگی۔ لیگی رہنمائوں کی بیٹھ میں پرویز رشید، پرویز ملک سمیت دیگر رہنما موجود تھے بیٹھک میں اس بات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی قیادت میں متوالوں کی ریلی کہا سے روانہ ہوگی اور کس روٹ سے گوجرانوالہ پہنچے گی۔


