دنیا بھر میں مجموعی کیسز 4کروڑ 25لاکھ 62ہزار سے زائد‘ الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون کرونا میں مبتلا‘ اسپین میں صورتحال تشویشناک‘ ایمرجنسی کا مطالبہ

اسلام آباد(آن لائن) ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 10 ہزار 668 ہوگئی جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9 افراد کورونا کے باعث جان سے ہاتھ دھوبیٹھے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے تازہ اعداد وشمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے832 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھرمیں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 27 ہزار 895 ہوگئی۔این سی او سی کے مطابق فعال کیسز کی تعداد 10 ہزار 668 ہوگئی جب کہ اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 3 لاکھ 10 ہزار 491 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 9 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 6 ہزار 736 ہوگئی۔پوری دنیا میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد4کروڑ25لاکھ 62ہزار830تک پہنچ گئی ہے، امریکہ85لاکھ75 ہزار 177مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ بھارت78لاکھ14ہزار682مصدقہ کیسز کے ساتھ دوسرے اوربرازیل53لاکھ80ہزار635مصدقہ کیسز کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔علاوہ ازیں الجزائر کے صدر دفتر نے بتایاہے کہ ملک کے صدر عبدالمجید تبون کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد رضاکار طور پر پانچ دنوں کے لیے قرنطینہ میں چلے گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک ٹویٹر پیغام کے ذریعے انہوں نے اہل وطن کو بتایا کہ وہ خیریت سے ہیں اور قرنطینہ کے مقام سے کام جاری رکھیں گے۔دریں اثناء اسپین میں کرونا وائرس کی وبا کی صورت حال ایک بار پھر تشویش ناک ہو گئی ہے، 3 صوبے کرونا کے آگے بے بس ہو گئے ہیں، وزیر اعظم سے ایمرجنسی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسپین کے صوبے کاتالونیا نے مرکزی حکومت سے ایمرجنسی نافذ کرنے کی درخواست کی ہے، ادھر حکومت نے کہا ہے کہ کرونا وبا بے قابو ہونے کے باعث رات میں کرفیو نافذ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں