کالعدم جماعۃ الدعوۃ کے تین رہنماؤں کو دو مزید مقدمات میں سزائیں سنا دیں
لاہور:انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے کالعدم جماعۃ الدعوۃ کے تین رہنماؤں کو دو مزید مقدمات میں سزائیں سنا دیں، پروفیسر ظفر اقبال اور محمد اشرف کو مجموعی طور پر 16، 16 سال جبکہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کو ایک سال کی سزا سنائی گئی۔گزشتہ روز انسداد دہشٹگردی کی خصوصی عدالت نمبر 3 کے جج اعجاز احمد بٹر کی عدالت میں سی ٹی ڈی کی طرف سے درج مقدمہ نمبر 89/19اور 90/19کی سماعت ہوئی جس میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ اور جرح کے بعد مقدمات کا فیصلہ سنایا گیا ہے۔ کالعدم جماعۃ الدعوۃ کے رہنماؤں کے خلاف انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں میں مزید کئی مقدمات زیر سماعت ہیں جن میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کئے جا رہے ہیں جبکہ نصیرالدین نیئر اور محمد عمران فضل گل ایڈووکیٹ جرح کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کالعدم جماعۃالدعوۃ کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید سمیت حافظ عبدالسلام بن محمد، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، پروفیسر ظفر اقبال، یحییٰ مجاہد، لقمان شاہ اور حافظ مسعود الرحمن کو مختلف مقدمات میں سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔


