معروف امریکی گلوکارہ برٹنی اسپیئرز کو اپنے والد سے کیا پریشانی ہے؟

جیمز اسپیئر گذشتہ 12 سالوں سے اپنی بیٹی کی خراب ذہنی صحت کے باعث ان کے قانونی سرپرست ہیں،فوٹو: رائٹرز، فائل
امریکی عدالت نے معروف پاپ اسٹار برٹنی اسپیئرز کی جانب سے اپنے والد کو خود کی سرپرستی اور املاک کی نگرانی سے ہٹانے کی درخواست مسترد کردی ۔
خیال رہےکہ38 سالہ امریکی پاپ اسٹار کے والد جیمز اسپیئر گذشتہ 12 برسوں سے اپنی بیٹی کی خراب ذہنی صحت کے باعث ان کے قانونی سرپرست ہیں۔
گلوکارہ کے وکیلوں کاکہنا ہےکہ وہ اپنے والد سے خوفزدہ ہیں اور اسی وجہ سے طویل عرصے سے وہ گلوکاری بھی نہیں کرسکی ہیں جب کہ باپ بیٹی میں تعلقات بھی ٹھیک نہیں ہیں اور ایک دوسرے سے بات چیت بھی بند ہے۔
دوسری جانب جیمز اسپیئرکے وکیل کاکہنا ہےکہ ان کے مؤکل نے ہمیشہ اپنی بیٹی کے مفاد میں اقدام اٹھائے ہیں اور جب انہوں نے یہ ذمہ داری سنبھالی تو اس وقت گلوکارہ کو لاکھوں ڈالر کے جرمانوں اور مقدمات کاسامنا تھا لیکن اب صرف ان کے کاروباری اثاثے 60 ملین ڈالر سے زیادہ ہیں۔
برٹنی اسپیئرز کے بعض مداحوں کا خیال ہے کہ انھیں زبردستی اس نگرانی پر مجبور کیا گیا اور ان کے والد اور دیگر افراد نے انہیں قیدی بنا کر رکھا ہوا ہے ، اس سلسلے میں مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ ‘فری برٹنی’ کے نام سے مہم بھی چلائی جاتی رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں