پی ڈی ایم کو این آر او مل جائے تو کورونا سے بھی مذاکرات کرینگے، قاسم سوری
کوئٹہ:ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کی تاریخ کا بلوچستان کیلئے سب سے بڑا ترقیاتی پروگرام کا اعلان کیا ہے، پہلی دفعہ بلوچستان کے پسماندہ ترین علاقوں کیلئے میگا پراجیکٹس شامل ہیں آئندہ ہفتے تک وزیراعلی بلوچستان کیساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوجائیں گے، اگر پی ڈی ایم کو این آر او مل جائیں تو کورونا سے بھی مذاکرات کریں گے،اگلے مرحلے میں بلوچستان کے شمالی اضلاع کیلئے ایک مربوط حکمت عملی پر کام ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ محمد قاسم خان سوری نے کہا کہ یہ حکومت چوری کے مینڈیٹ کی نمائندہ ہے بس صرف پی ڈی ایم والے انتہائی نیک، دیانتدار، شریف، زمہ دار، عوام کے غم میں نڈھال اور پاکستان میں دودھ اور شہد کی نہریں بہانے والے لوگ ہیں، ہم پاکستان کو سب سے بڑی عالمی معیشت بنادیں گے، کورونا سے بھی مذاکرات کریں گے، خدارا ہمیں صرف این آر او دے دیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا بلوچستان کیلئے سب سے بڑا ترقیاتی پروگرام، پہلی دفعہ بلوچستان کے پسماندہ ترین علاقوں کیلئے میگا پراجیکٹس، 3 سال کے اندر 600 ارب روپے پاکستان کے 9پسماندہ ترین اضلاع میں خرچ کیے جائیں گے، آئندہ ہفتے تک وزیراعلی بلوچستان کیساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے جارہے ہیں۔ صوبہ بلوچستان میں 16 نئے ڈیمز، 9 اضلاع کے 57 فیصد گھروں کو بجلی کی فراہمی، گیس کی فراہمی کیلئے ڈسٹریبیوشن کا جدید نظام، 6 لاکھ 40 ہزار بچوں کو ریموٹ لرننگ، 200 سے زائد صحت کے بنیادی مراکز کی اپ گریڈیشن، M-70 اور M-22 سمیت بلوچستان میں 3 ہزار 83 کلومیٹر طویل سڑکیں بننے جا رہی ہیں۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ 74 سال کے بعد پہلا شپ یارڈ بلوچستان میں بنانے جارہے ہیں، مغربی روٹ سمیت مختلف منصوبوں پر کام شروع، جنوبی بلوچستان کے لیے متعدد مواصلاتی منصوبوں کی منظوری، بچوں کو تعلیمی وظیفہ، پی ایس ڈی پی میں فنڈز مختص، اگلیمرحلے میں بلوچستان کے شمالی اضلاع کیلئے ایک مربوط حکمت عملی پر کام ہوگا۔


