اے این ایف کی کارروائی 2730.611 کلو گرام منشیات برآمد
اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے 24ملک گیر کاروائیوں کے دوران2730.611 کلو گرام منشیات برآمد کر لیں جس کی ملکی سطح پر مالیت 24کروڑ30لاکھ روپے ہے۔ جبکہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث5 خواتین سمیت 24 ملزمان کوحراست میں لے لیا اور5گاڑیاں بھی تحویل میں لے لیں۔ برآمد شدہ منشیات میں 1634.136کلوگرام چرس،13.285کلوگرام ہیروئن، 826 کلو گرام مارفین،254 کلوگرام افیون اور 3.190 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) شامل ہے۔تفصیلات کے مطابق، اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاع پر مبنی کارروائی کے دوران ضلع چاغی کی تحصیل دالبدین کے پہاڑی علاقے گاٹھ بروتھ میں واقع ایک خشک برساتی نالے میں چھپائی گئی 826 کلو گرام مارفین قبضے میں لے لی۔ دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان کے علاقے کلی پناکی سے 1580 کلو گرام چرس قبضے میں لے لی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، مذکورہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے چھپائی گئی تھی۔