صدارتی آرڈیننس سے سینیٹ الیکشن کا طریقہ کار بدل نہیں سکتا، مولانا فضل الرحمان
بہاولپور:اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ(پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سینیٹ کے انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، وزیراعظم اس کا اعلان نہیں کر سکتے، سینیٹ انتخابات کیلئے شو آف ہینڈ ناممکن ہے، صدارتی آرڈیننس سے صرف الیکشن کے طریقہ کار میں تبدیلی ممکن ہو سکتی ہے جبکہ سپریم کورٹ بھی صرف آئین کی تشریح کر سکتی ہے۔ بدھ کو بہاولپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ہم سینیٹ کا الیکشن فروری میں کرائیں گے جبکہ ووٹنگ شو آف ہینڈ سے ہوگی۔ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، جعلی وزیراعظم کو کس نے اختیار دیا ہے کہ وہ اعلان کرے۔ الیکشن کمیشن اگر آزاد ہے تو فوری نوٹس لے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ شو آف ہینڈ کے ذریعے سینیٹ کا الیکشن غیر آئینی ہے۔ کورٹ آئین کی تشریح تو کر سکتی ہے لیکن اسے تبدیل نہیں کر سکتی۔ یہ ممکن ہی نہیں کہ شو آف ہینڈز کیساتھ الیکشن کرائے جائیں۔ لگتا ہے پوری کابینہ ہی جاہل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے اقدامات سے گریز کیا جائے جس سے نفرت میں اضافہ ہو۔ ہم ہر قمیت پر ووٹ کا حق چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے خلاف جو باتیں کرنے والے عدالت جائیں گے تو اپنا ہی نقصان کریں گے۔ ہم کچھ چیزوں کا وقت پر استعمال کریں گے۔ ہمارے پاس 3ماہ لانگ مارچ کی تیاری کیلئے ہیں۔ عوام کی کیفیت کا حکومت کو اندازہ ہی نہیں ہے۔


