اسلام آباد میں شمشان گھاٹ کی چار دیواری تعمیر کرنے کیلئے این او سی جاری
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں شمشان گھاٹ کی تعمیر سے متعلق مسئلہ پیر کو حل ہوگیا جب سٹی منیجرز نے ہندو برادری کو مجوزہ جگہ کے چاروں طرف دیوار بلند کرنے کی اجازت دے دی۔
حکومت کی مالی اعانت سے ہندو مندر تعمیر کرنے کے ارادے پر رواں سال جولائی میں دائیں بازو کے گروپوں نے شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد سی ڈی اے نے اچانک ہندو برادری کو پلاٹ کے اطراف چار دیواری کی تعمیر سے روک دیا تھا۔ایچ-9/2 میں چار کنال اراضی 2016 میں ہندو برادری کو مندر، شمشان گھاٹ اور کمیونٹی مراکز کی تعمیر کے لیے الاٹ کی گئی تھی۔سی ڈی اے نے باؤنڈری وال کی تعمیر روکنے کے لیے ‘قانونی’ وجوہات کا حوالہ دیا تھا۔
سوک ایجنسی نے پیر کو جاری کردہ اپنے اجازت خط میں کہا ہے کہ ایچ-9/2 میں ہندو برادری کے لیے شمشان گھاٹ کے چاروں اطراف باؤنڈری وال تعمیر کرنے کی اجازت اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری، بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز 2020 کی شق 4.1.1 کے مطابق دی گئی ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ باؤنڈری وال کی اونچائی 7 فٹ سے زیادہ نہیں ہو گی اور دیوار کی لمبائی 3 فٹ سے کم نہیں ہو گی۔سی ڈی اے کے ایک سینئر افسر نے مزید کہا کہ آج ہم نے ہندو برادری کو خط جاری کیا اور اب وہ قبرستان کے لیے باؤنڈری وال تعمیر کرنے میں آزاد ہیں، انہوں نے کہا کہ بعد میں ایک مندر اور کمیونٹی سینٹر کی تعمیر کے معاملے پر بات کی جائے گی۔سی ڈی اے کے ذرائع نے بتایا کہ شہری ایجنسی کو ابھی تک مندر اور کمیونٹی سینٹر کے عمارت کے منصوبے موصول نہیں ہوئے ہیں۔
عہدیدار نے کہا کہ آج کی منظوری شمشان گھاٹ کے چاروں اطراف باؤنڈری وال کی تعمیر کے لیے ہے۔اسلام آباد میں ہندو برادری کے لیے کوئی مندر اور شمشان گھاٹ نہیں ہے، کمیونٹی کی متعدد کوششوں کے بعد اور ہیومن رائٹ کمیشن آف پاکستان کی ہدایت پر سی ڈی اے نے 2016 میں 4 کنال کمیونٹی کو الاٹ کردیے تھے۔
سی ڈی اے کے عہدیدار نے بتایا کہ ہندو برادری بھی پاکستانی شہری ہے لیکن بدقسمتی سے اب تک ہم انہیں اسلام آباد میں ایک عبادت گاہ فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں، کم از کم شمشان گھاٹ کی حدود کے لیے اجازت نامہ جاری کرنا ایک مثبت قدم ہے۔


