پاکستان کا بھارت کی غیرقانونی حراست میں موجودکشمیری رہنماؤں کی صحت پر اظہار تشویش
پاکستان نے بھارت کی غیرقانونی قید میں کشمیری قیادت کی صحت کی خراب صورت حال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ محترمہ آسیہ اندرابی، شبیر احمد شاہ،مسرت عالم بھٹ اور محمد اشرف صحرائی سمیت کشمیری رہنماؤں کو بدنام زمانہ تہاڑ جیل اور دیگر قید خانوں میں رکھا گیا ہے جب کہ سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق سمیت کئی رہنما نظر بند ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکورونا وباکے دوران ان کشمیری رہنماؤں کی مسلسل قید اور صحت کی صورت حال پر پاکستان کو شدید تشویش ہے۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ بھارتی افواج نے کشمیری قیادت کو کشمیر میں نافذ مکروہ قوانین کے تحت بدعنوانی، جھوٹے اور من گھڑی الزمات میں گرفتار کیا جو آر ایس ایس اور بی جے پی حکومت کی انتہا پسند ذہنیت کی عکاسی ہے۔
پاکستان نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے کہا ہے کہ وہ بھارتی غیر انسانی سلوک کا نوٹس لے۔