کرونا وائرس، اخبارات،ٹی وی چینلز بند نہیں کرینگے، اکبرحسین درانی

اسلام آباد:وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ اخبارات کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا قطعاََ ذریعہ نہیں، اس لیے اخبارات کی پرنٹنگ پر پابندی عائد نہیں کی جائے گی اور نہ ہی ٹی وی چینلز کو بند کیاجائے گا۔ ” نیوز ایجنسی ” سے خصوصی انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ تاہم کورونا وائرس کی عالمی وباء پھیلنے کے بعدموجودہ حالات میں میڈیا کی اہمیت پہلے سے بھی بڑھ گئی ہے اس لیے اخبارات یا ٹی وی چینلز کی بندش کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اس وقت اخبارات اور نیوز چینلز ہی مستند معلومات کا واحد ذریعہ ہیں۔موجودہ حالات میں میڈیا پر عوام کو کرونا وائرس کے آگاہی دینے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ میڈیا کوچاہیے کہ کرونا سے بچاؤ کے حوالے سے حکومتی ہدایات من وعن عوام تک پہنچائے۔ ابھی تک وزارت اطلاعات ونشریات کے سائبرونگ کے ایک ملازم میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کی ہر ممکن مدد کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں اور متعلقہ افسران متاثرہ ملازم سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ وزارت اطلاعات اور اس کے تمام ذیلی اداروں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ،پی ٹی وی، اے پی پی، پی سی پی، ریڈیوپاکستان وغیرہ کے کسی افسر، ملازم یا ان کے خاندان کے کسی فرد میں خدانخواستہ کرونا کی علامات ہوں یا اس کا کرونا ٹیسٹ مثبت آجائے تووہ جوائنٹ سیکرٹری مستعین احمد علوی یا ان کے دفتر سے رابطہ کرے، علاج معالجے کے سلسلے میں اس کی بھرپور مدد کی جائے گی۔ موجودہ صورتحال سے ہم خوفزدہ نہیں،ہمیں کرونا سے ڈرنا نہیں، لڑنا ہے۔ ہمارے تمام ادارے کرونا کے بعد بھی معمول کے مطابق لیکن کرونا سے بچنے کے لیے احتیاطی ایس او پی کے تحت اپنا کام کر رہے ہیں۔ اکبردرانی جو قبل ازیں چیف سیکرٹری پنجاب اور مختلف وزارتوں، ڈویڑنوں کے سیکرٹری کے طور پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں کا کہنا تھا کہ گو وزارت اطلاعات اور اس کے ذیلی اداروں میں افسران وملازمین کی تعداد بہت زیادہ نہیں لیکن اس میں میڈیا سے متعلقہ انتہائی قابل،تجربہ کار افسران کی بڑی تعداد کام کررہی ہے۔ جن میں کئی افسران ایسے ہیں جن کا تجربہ 30سال یا اس سے بھی زیادہ ہے۔ وزارت خارجہ نے افریقی ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں میں انفارمیشن گروپ کے افسران کے لیے پریس قونصلر، پریس اتاشی کی نئی پانچ سیٹیں پیداکرنے بارے رائے طلب کی ہے۔ جس پر رضامندی ظاہر کی ہے۔قبل ازیں بھی انفارمیشن گروپ کے گریڈ 19کے11 افسروں کی بطورپریس قونصلر اورگریڈ18 کے5افسروں کی بطور پرفارن پوسٹنگ کی سمری پر سوالات کے جوابات وزیراعظم سیکرٹریٹ کو بھجوادیے تھے، اگر مزید سوالات آئے تو ان کے جوابات بھی بھجوادیں گے۔پریس قونصلرز اور پریس اتاشی کے سٹیشن کے طے کرنے کے حوالے سے میرٹ کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ جن افسران کی پہلے اچھے سٹیشنز پر بطور پریس قونصلر یا پریس اتاشی فارن پوسٹنگ ہوئی تھی،انھیں اب اس طرح کے سٹیشنز نہیں ملیں گے۔وزیراعظم کی منظوری کے بعد تمام افسروں کی فارن پوسٹنگ کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔
pid

اپنا تبصرہ بھیجیں