سلیکٹڈ وزیراعظم ملک کو افراتفری کی طرف لے جانا چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک کو افراتفری کی طرف لے جانا چاہتے ہیں جس کا واضح ثبوت ٹائیگر فورس کا قیام ہے پاکستان پیپلزپارٹی کسی کو بھی ملک میں افراتفری کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سیداقبال شاہ نے کہا کہ اس وقت پورے پاکستان میں روز بروز کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے اور وفاقی حکومت کا صوبوں کے ساتھ تعاون نہ ہونے کے برابر ہے جس کے باعث صوبوں کے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے ٹائیگر فورس کے ذریعے ملک میں امداد کی تقسیم ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سیاسی مفادات حاصل کرنا اور ملک میں افراتفری پھیلا نا ہے جس کی پاکستان پیپلزپارٹی کسی بھی صورت اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان تاریخ کے نازک دور سے گزر رہا ہے اورملک کسی بھی افراتفری کامتحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی فیڈریشن پریقین رکھتی ہے اورہمیشہ تمام اکائیوں کوساتھ لیکر چلی ہے اورمشکل کی اس گھڑی میں پیپلز پارٹی عوام کو کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں