ڈینئل پرل کیس: حکومت کا عمر شیخ کی رہائی پر نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: حکومت نے ڈینئل پرل قتل کیس میں ملزم عمر شیخ کی رہائی کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان اٹارنی جنرل آفس کا کہنا ہےکہ اس سلسلے میں جلد نظرثانی اپیل دائر کی جائےگی جس میں سپریم کورٹ سے عمرشیخ اوراس کے ساتھیوں کی بریت کا فیصلہ واپس لینے کی اپیل کی جائے گی جب کہ اس معاملے پر وفاقی حکومت سندھ حکومت سے مکمل رابطے میں ہے۔
ترجمان اٹارنی جنرل آفس نے کہا کہ وفاقی حکومت اس ضمن میں صوبائی حکومت کو ہرممکن قانونی مدد فراہم کرے گی۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ عمر شیخ کی رہائی کے آرڈر پر نظرثانی میں جائیں گے ،عمر شیخ نے ڈینئل پرل قتل کیس میں ملوث ہونے کو قبول کیا ہے۔
واضح رہےکہ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز امریکی صحافی ڈینئل پرل قتل کیس کے ایک ملزم عمر شیخ کی رہائی روکنے کے لیے سندھ حکومت کی اپیل مسترد کی اور عمر شیخ کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا۔


