شہباز شریف کو آئندہ عدالت میں سیاسی باتیں نہ کرنے کی ہدایت
لاہور:لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کے دوران مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کو آئندہ کمرۂ عدالت میں سیاسی باتیں نہ کرنے کی ہدایت کر دی۔
لاہور کی احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کے دوران میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو پیش کیا گیا جنہوں نے روسٹرم پر حاضری مکمل کرائی۔احتساب عدالت لاہور کے ایڈمن جج جواد الحسن نے ریفرنس کی سماعت کی۔
شہباز شریف نے روسٹرم پر آ کر بات کرنے کی اجازت طلب کی جس پر احتساب عدالت کے جج نے انہیں بات کرنے کی اجازت دے دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ میری صحت سے متعلق آپ نے جو آرڈر دیا اس پر میں مشکور ہوں، میرے ذاتی معالج کو آپ نے میڈیکل بورڈ میں شامل کیا۔
انہوں نے کہا کہ میرے کچھ میڈیکل ٹیسٹ ہونے ہیں، جس میں جیل حکام مسلسل تاخیر کر رہے ہیں، جیل حکام روز کوئی بہانہ بنا کر میرے ٹیسٹ نہیں کرا رہے، صرف خون کے نمونے لیے ہیں باقی کوئی ٹیسٹ نہیں کرایا۔
اس موقع پر شہباز شریف نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی اور کہا کہ جج صاحب! یہ دیکھیں ہماری حکومت میں یہ کرپشن نہیں تھی۔
فاضل جج نے کہا کہ میاں صاحب مجھے کیس کی کارروائی کرنے دیں، میرا وقت ضائع نہ کیا جائے، آپ میڈیا سے بات کیا کریں وہ فورم ہے، مگر یہاں کیس کے سوا بات نہ کی جائے۔


