بی این پی سے معائدہ،ایک سال تو کیا 5سال میں بھی 6نکات ختم نہیں ہونگے، سردار یار محمد رند

پشین،بلوچستان کے صوبائی وزیر تعلیم یار محمد رند نے کہا کہ صوبائی حکومت کو کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے پاکستان تحریک انصاف صوبائی حکومت کی اتحادی ہے بلوچستان کے بہتر مفاد کیلئے ملکر اقدامات کررہے ہیں۔پشین کے ایک روزہ تفصیلی دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کہا کہ صوبے میں قبائلی روایات کے مطابق تمام تر اختلافات کو ملکر بیٹھ کر حل کئے جاتے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور قدوس بزنجو کے درمیان اختلافات کے خاتمے کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہوں بلوچستان میں ایک روایت رہی ہے جب احتجاج ہوتا ہے تو حکومت جس کی بھی ہو ایک حد میں رہ کر احتجاج کیا جاتا ہے اس دفعہ ایک نئی روایت قائم کی گئی اپوزیشن نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا اپوزیشن کے تحفظات کے حوالے سے ہماری اور بلوچستان عوامی پارٹی کی کوئی بات نہیں ہوئی جب ہوگی تب صوبے اور جمہوریت کی مفا د میں بہتر مشورہ دیں گے

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے درمیان ہونے والا معاہدہ ایسا نہیں تھا کہ جس طرح دو سیاسی جماعتوں کے درمیان اتحاد میں ہوتا ہے کچھ سیاستدان اور ہماری پارٹی کے کچھ لوگ یہ باور کرانا چاہتے تھے کہ وہی کرتا دھرتا ہیں ان کی وجہ سے ہمارے درمیان ایک ایسا معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت ایک سال تو کیا پانچ سال میں بھی سردار اختر جان مینگل کے چھ نکات ختم نہیں ہونگے اگر دیکھا جائے تو ایسی کون سی چیز ہے جو اس معاہدے کے تحت سردار اخترجان مینگل کے ساتھ نہیں ہوئی مجھے امید ہے کہ ہم جس طرح ان کے مسائل کو دیکھ رہے ہیں انہیں بھی چاہئے کہ وہ ایک سیاسی جماعت اور اتحادی کی طرح ہمارا ساتھ دیں کیونکہ جب بھی وقت آیا ہے تو ایسا محسوس کیا گیا ہے کہ وہ ہمارے کم اور اپوزیشن کے اتحادی زیادہ ہیں لاپتہ افراد کی بازیابی میں جس طرح پاکستان تحریک انصاف میں اپنا کردار ادا کیا اگر کوئی دوسری جماعت یا سردار اختر جان مینگل کا کوئی دوسرا اتحادی ہوتا تو وہ یہ کردار ادا نہیں کرتے

اپنا تبصرہ بھیجیں