پاکستان کی ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کی مذمت، وزیراعظم کا ایرانی صدر سے ٹیلی فونک رابطہ

اسلام آباد(انتخاب نیوز) اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، امریکی حملے اسرائیلی حملوں کے سلسلے کا تسلسل ہیں، یہ حملے بین الاقوامی قانون کی تمام اقدار کی خلاف ورزی ہیں، ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایران کے خلاف جاری جارحیت سے کشیدگی اور تشدد میں بے مثال اضافہ ہوا ہے، مزید کشیدگی پورے خطے اور دنیا پر سنگین اثرات ڈالے گی، خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے پر گہری تشویش ہے۔ مزید برآںوزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں دونوں رہنماﺅں کے درمیان ایران کی موجودہ صورتحال پر بات چیت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اسرائیلی کی بلااشتعال جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں وزیراعظم شہبازشریف نے انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت بھی کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں