بلوچستان، چھ ماہ میں 12 ہزار سے زائد حادثات، 239 اموات، 15 ہزار سے زائد زخمی، رپورٹ
سونمیانی، وندر (یو این اے )بلوچستان میں سڑکوں پر پیش آنے والے جان لیوا حادثات کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر :ایم ای آر سی: 1122 مرگ بلوچستان کی ششماہی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ 6 ماہ کے دوران صوبے بھر میں 12,110 روڈ ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں 239 افراد جاں بحق جبکہ 15,690 افراد زخمی ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ صرف N-25 وندر کے مقام پر 724 حادثات ہوئے، جن میں 952 افراد زخمی اور 25 جاں بحق ہوئے۔قلات، مستونگ، خضدار، پشین، ژوب، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، سوراب، جعفر آباد، نوشکی، واشک، کیچ، پنجگور اور دیگر اضلاع میں بھی درجنوں جان لیوا حادثات رپورٹ ہوئے۔سب سے زیادہ حادثات N-50 ٹراما ژوب میں 4,201 اور N-25 ٹراما خضدار میں 2,412 رپورٹ ہوئے۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ حادثات کے باعث ہزاروں خاندان متاثر ہوئے ہیں اور زخمیوں کی بڑی تعداد شدید طبی، نفسیاتی اور مالی مسائل کا شکار ہے۔شہری حلقوں، سماجی تنظیموں اور ٹرانسپورٹ ماہرین نے بڑھتے ہوئے حادثات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت بلوچستان، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور محکمہ مواصلات سے فوری حفاظتی اقدامات، شاہراہوں کی مرمت، اسپیڈ کنٹرول اور ریسکیو سروسز کی بہتری کا مطالبہ کیا ہے تاکہ قیمتی انسانی جانیں محفوظ بنائی جا سکیں۔


