فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایران میں عباس عراقچی سے ملاقات، امریکا سے مذاکرات ، خطے میں امن سمیت دیگر امور پر گفتگو، ایرانی حکام
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی ایران میں موجود ہیں۔ ایرانی حکام کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی جس میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، امن، استحکام، مغربی ایشیا کی سیکورٹی سے متعلق سفارتی کوششوں پر گفتگو کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تہران آمد پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے فیلڈ مارشل کو خوش آمدید کہا اور پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ دوسری جانب سیکورٹی ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دورہ ایران کے دوران ایران امریکا بات چیت ،خطے میں قیام امن اور دیگر اہم امور پر بات چیت کرینگے۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم اعلی ایرانی شخصیات سے ملاقات کرینگے۔


