غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیزکی بڑھتی ہوئی تعداد کو روکنے کیلئے ر یگولیٹرز کو اپنا کردار بروقت ادا کرنا چاہیے، چیئر مین نیب
اسلام آباد : نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار،سابق وزیر ہاؤسنگ اکرم خان درانی کے خلاف انکوائریز عدم ثبوت کی بنیاد پر بند کر نے اور سابق چیئر مین سی ڈی اے امتیاز عنایت الٰہی اور سابق ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹی کلچر لیاقت علی خان کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کر نے اوراپوزیشن لیڈر شہباز شریف و دیگر کے خلاف انکوائری منظوری دیدی۔ بدھ کو قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب،پراسیکوٹر جنرل اکاؤنٹبلیٹی نیب،ڈی جی آپریشنز نیب، ڈی جی نیب راولپنڈی اور دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلا س میں 2 ریفرنسز کی منظوری دی گئی۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں امتیاز عنایت الٰہی سابق چیئرمین سی ڈی اے ا ور دیگر کے خلاف بدعنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں لیاقت علی خان سابق ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹی کلچر،کراچی میونسپل کارپوریشن ا ور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں 8 انکوائریز کی منظوری دی گئی۔جن میں میاں محمد شہباز شریف سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر،ریاض لال جی اور دیگر،علی شیر محسود سابق ممبراین ایچ اے اور دیگر،ملک احمد خان سی ای او پبلک پرئیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی اور دیگر، راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران/اہلکاران اور دیگر،اسد اللہ فیض جوائنٹ سیکرٹری وزارت صحت، اسلام آباد،سمال ڈیمز آرگنائیزیشن کے افسران /اہلکاران اور دیگر،نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ اسلام آباد کی انتظامیہ اور دیگرکے خلاف انکوائری کی منظوری شامل ہے جبکہ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں سی ڈی اے کے افسران /اہلکاران اور دیگر کیخلاف انوسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی۔قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں اسحق ڈار سابق وزیر خزانہ،چئیرمین ایف بی آر اور دیگر،اکرم خان درانی سابق وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس،اوگرا کے افسران /اہلکاران اور دیگر، این ٹی ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز/انتظامیہ اور دیگر، محکمہ آبپاشی کے افسران /اہلکاران اور دیگر اورناصر محمود عباسی کے خلاف انکوائریز اب تک کے عدم ثبوت کی بنیاد پر قانون کے مطابق بند کرنے کی منظوری دی گئی۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیزکی بڑھتی ہوئی تعداد کو روکنے کیلئے ر یگولیٹرز کو اپنا کردار بروقت ادا کرنا چاہیے۔میڈیا کو بھی غیر ہاوسنگ سوسائٹیزکی اشتہاری مہم کی تشہیر کرنے سے پہلے ہاوسنگ سوسائٹی کیلئے زمین کی موجودگی، لے آوٹ پلان کی منظوری اور NOC شامل ہیں کابغور جائزہ لینا چائیے تاکہ غریب عوام غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے ہاتھوں بر وقت اپنی عمر بھر کی جمع پونجی لٹانے سے بچ سکیں۔


