بلوچستان میں لکھنے اور بولنے کی آزادی پر غیر اعلانیہ سنسر شپ عائد ہے‘ نیشنل پارٹی

گوادر (بیورورپورٹ) اظہار رائے کی آزادی جمہوریت کا حسن ہے۔ صحافت ایک پیغمبرانہ پیشہ ہے۔ بلوچستان میں لکھنے اور بولنے کی آزادی پر غیر اعلانیہ سنسر شپ عائد کی گئی ہے۔ گوادر پریس کلب کا صحافتی اقدار برقرار رکھنا قابل ستائش ہے۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں ولید بزنجو، شاوش میر حاصل بزنجو اور دیدگ بزنجو نے گوادر پریس کلب کے دورہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ گوادر پریس کلب پہنچنے پر گوادر پریس کلب کے صدر اسماعیل بلوچ نے مہمانوں کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ گوادر پریس کلب کے صدر نے مہمانوں کو گوادر پریس کلب کے قیام اور اب تک کی کارکردگی مختصر مگر جامع انداز میں بیان کیا۔ اس موقع پر مہمانوں کا کہنا تھا کہ اس وقت پورے ملک میں اظہار رائے کی آزادی پر قدغن لگائی گئی ہے مگر بلوچستان میں خصوصا لکھنے اور بولنے کی پابندیاں گھمبیر دکھائی دیتی ہیں مگر اس صورتحال کے باوجود بلوچستان سے وابستہ صحافیوں کی جانب سے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی آفرین کے لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی جمہوریت کا حسن ہے، لکھنا اور بولنا کوئی معیوب عمل نہیں، جمہوری اور باوقار معاشرے اس کی وجہ سے پروان چڑھتے ہیں اور اس سے نہ صرف جمہور کی نمائندگی بہتر ہوسکتی ہے بلکہ اس سے خود احتسابی کو بھی مہمیز ملتی ہے آوازوں کو دبانے سے انتشار پیدا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر ایک حساس خطہ ہے، ترقی اور تعمیر کے عمل میں مقامی آبادی کے سماجی اور بنیادی حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے، جب تک تبدیلی کے ثمرات عام آدمی تک نہیں پہنچیں گے تو یہ ترقی بے معنی ہوگی۔ انہوں نے گوادر پریس کلب کی جانب سے صحافتی اقدار کو برقرار رکھنے پر اسے ایک جہاد قرار دیا اور امید کی کہ مقامی صحافی عام لوگوں کے مسائل اجاگرنے میں اپنے فرائض ادا کرینگے۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے صوبائی ورکنگ کمیٹی کے ممبر آدم قادربخش، تحصیل صدر ناگمان بلوچ، سینئر رہنماء مجید عبداللہ، رفیق جمعہ، سلیم بلوچ، تحصیل گوادر کے انفارمیشن سیکریٹری مولابخش، خازن سید گوادری، کیچ کے رہنماء اسلم گہرام اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ علاوہ ازیں ولید بزنجو، شاوش بزنجو اور دیدگ بزنجو نے نیشنل پارٹی کے بانی رہنماء عبدالغفار ہوت کے گھر جاکر ان کے پسماندگان سے تعزیت کی‘سربندن میں معروف شخصیت سیٹھ اوغان اور گوادر میں نیشنل پارٹی کے رہنماء مجید عبداللہ اور شاہد اسحاق کے بڑے بھائی اقبال بلوچ کی وفات پر علیحدہ علیحدہ ان کے گھر جاکر مرحومین کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں