وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے ہسپتالوں پر قبضے کی شدید مذمت کرتے ہیں،شازیہ مری

اسلام آباد :پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہاہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے ہسپتالوں پر قبضے کی شدید مذمت کرتے ہیں، کبھی سندھ کے جزیرے اور کبھی سندھ کے ہسپتال، یہ تماشہ نہیں چلے گا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت این آئی سی وی ڈی، جے پی ایم سی اور این آئی سی ایچ بہترین طریقے سے چلا رہی ہے، اندرون اور بیرونِ ملک سے لوگ بہترین علاج کیلئے کراچی کے اسپتالوں میں آتے ہیں، ان ہسپتالوں میں غریب اور متوسط طبقے کے لیئے مفت اور معیاری علاج ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہسپتالوں کی نجکاری کرکے مفت علاج کی سہولت چھینی جا رہی ہے، پہلے ہر چیز مہنگی کی اور اب علاج کو بھی مہنگا کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ملک کا ہر شعبہ متاثر ہو رہا ہے، عدالتی فیصلہ آنے سے پہلے غیر آئینی آرڈیننس کے ذریعے اسپتالوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے،وفاقی حکومت نے پمز اور پولی کلینک اسلام آباد کا کیا حل نکالا ہے؟۔ انہوں نے کہاکہ آٹھ سالوں میں پی ٹی آئی حکومت نے خیبرپختونخواہ میں کتنے معیاری ہسپتال قائم کیئے؟۔

اپنا تبصرہ بھیجیں