بنوں جانی خیل کے عوام پر حملہ اور منظور و محسن داوڑ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی
کوئٹہ : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں بنوں جانی خیل کے غیور عوام کی جانب سے جاری لانگ مارچ پر حملہ کرنے، آنسو گیس پھینکنے اور ان کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے ساتھ ساتھ پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماؤں منظور پشتون اور ایم این اے محسن داوڑ کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وفاقی اورخیبر پشتونخوا کی حکومتوں کی پشتون دشمنی اور بے حسی اور عوام دشمنی پر مبنی پالیسی ہر سطح پر ثابت ہوچکی ہے کیونکہ جانی خیل میں گزشتہ کئی روز سے جاری دھرنا اور شہدا کی لاشوں کے ساتھ اب لانگ مارچ پر حملہ سلیکٹڈ حکومتوں کی پشتون دشمنی کو مزید ثابت کرتی ہے۔ جبکہ جانی خیل کے غیور عوام کی جانب سے جاری دھرنا اور لانگ مارچ کا مقصد قاتلوں کے خلاف ایف آئی آر اور انہیں گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دینے کا برحق مطالبہ ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جانی خیل کے معصوم چار جوانوں کی افسوسناک شہادت کے المناک واقعہ پر سلیکٹڈ وفاقی حکومت،خیبر پشتونخوا کی سلیکٹڈ صوبائی حکومت اور ان کے ذمہ دار اداروں کے ساتھ ساتھ ملکی میڈیا کی خاموشی ہر سطح پر قابل گرفت اور قابل مذمت ہے۔ کیونکہ اگر خدانخواستہ ایسے واقعات پنجاب یا اسلام آباد جیسے صوبے میں رونماء ہوتے تو اب وفاقی حکومت سمیت تمام ملکی میڈیا شور وغوغا کرکے آسمان سر پر اْٹھا لیتے او رہر طرف قانون کی حکمرانی قائم کرنے اور ملوث ملزموں کی گرفتاری کے مطالبے کیئے جاتے۔ لیکن دوسری طرف پشتون معصوم جوانوں کی المناک شہادت پر لاشوں کے ساتھ دھرنے اور لانگ مارچ کے باوجود کسی کا ٹھس سے مس نہ ہونا یہ ثابت کرتا ہے کہ پشتون غیور ملت کو اس ملک میں دوسرے درجے کے شہری کی حیثیت بھی حاصل نہیں۔اور اب پر امن لانگ مارچ کے کئی مقامات پر فورسز کے ذریعے حملے کرنے ان کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے اور پی ٹی ایم کے رہنماؤں کی گرفتاری درحقیقت پشتون غیور عوام کو اپنی جمہوری احتجاج سے روکنے کی سازش کے سوا کچھ نہیں اور پشتون غیور عوام کے قتل عام کو جاری رکھنا ہی مقصود ہے۔ بیان میں پشتونخوا وطن کے تمام سیاسی جمہوری قوتوں سے بالخصوص اور ملک بھر کے جمہوری قوتوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بنو جانی خیل کے غیور عوام کے پر امن جمہوری لانگ مارچ کی حمایت میں آواز بلند کریں۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ لانگ مارچ میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ کرتے ہوئے پی ٹی ایم کے سربراہ منظور احمد پشتین، ایم این اے محسن داوڑ ودیگر کو رہا کرکے ان کے جائزہ مطالبات کو تسلیم کیاجائے اور غیور پشتون عوام کو یہ گارنٹی دی جائے کہ ان کے تمام علاقوں میں مکمل امن وامان کی بحالی ہوگی اور انکے بچوں کو لاپتہ کرنے اور ماورائے عدالت کوئی اقدام نہیں اٹھایا جائیگا۔


