تفتان کو پاکستان کا ووہان قرار دینا غلط مفروضہ ہے،میر عمیر محمد حسنی
چاغی:بلوچستان حکومت نے تفتان میں خدمات کی انجام دہی سے انکار کرنے والے 44 کو معطل کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ کورونا وائرس کی تدارک کے متعلق حکومت بلوچستان کے فوکل پرسن میر عمیر محمدحسنی کا کہنا ہے کہ اس قبل بھی تفتان جانے سے انکار کرنے والے 12 ڈاکٹرز معطل کیے گئے۔ حکومت بلوچستان کے فوکل پرسن برائے تدراک کورونا وائرس میر عمیر محمدحسنی نے ہفتے کی شام ڈپٹی کمشنر چاغی کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی حالات میں خدمات کی انجام دہی سے انکاری ڈاکٹرز کے خلاف انکوائری مکمل کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تفتان میں کنٹینر سٹی بنائی جارہی ہے جس میں 600 لوگوں کو قیام و طعام کی سہولیات دی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تفتان کو پاکستان کا ووہان قرار دینا غلط مفروضہ ہے اگر تفتان سرحد پر زائرین کو روک کرکے قرنطینہ میں نہ رکھا جاتا تو پورے ملک میں تباہی پھیلتی۔ ان کا کہنا تھا صوبائی حکومت نے محدود وسائل کے باوجود ہزاروں لوگوں کو تفتان میں رکھ کر ہر ممکن سہولیات فراہم کی جہاں کمشنر ڈپٹی کمشنر ایف سی کے کمانڈنٹ اور اسسٹنٹ کمشنر بنفس نفیس ہر کام میں پیش پیش رہے جو قابل قدر عمل ہے اس لیے پورے ملک کو بلوچستان حکومت کا مشکور ہونا چاہیے لیکن افسوس کہ تفتان میں کیے گئے اقدامات کو سراہنے کی بجائے منفی تنقید کی گئی۔ میر عمیر محمدحسنی کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی سیکرٹری صحت، ڈی جی پی ڈی ایم اے، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات اور کمشنر رخشان ڈویژن تفتان سرحد پر موجود ہیں اور کام کررہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ تفتان سے زائرین کی نقل و حرکت مربوط طریقے سے کیا جاتا ہے۔ انہوں تفتان سرحد پر خدمات سرانجام دینے والے تمام اداروں کے افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم تفتان کی عوام کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے اس سلسلے میں حکومت کے ساتھ تعاون کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ ہنگامی حالات میں قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے، اس وقت ہر عوامی نمائندے کو اپنے حلقے میں موجود ہونا چاہیے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈان ہم سب کے مفاد میں ہے عوام صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے کورونا وائرس کے متعلق پیشگی حفاظتی اقدامات اٹھائیں انشا اللہ پاکستان جلد اس صورتحال سے نکل آئے گا۔