گوادر کے تمام علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ،جام کمال خان

گوادر: وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان پیر کے روزگوادر پہنچے جہاں ائیر پورٹ پر کمشنرمکران ڈویژن شاہ عرفان احمد غریشن، ڈپٹی کمشنر گوادر میجر(ر)کبیر خان و دیگر اعلی حکام نے ان کا استقبال کیا۔ صوبائی وزیر نور محمد دمڑ، رکن قومی اسمبلی نوابزادہ عامر خان مگسی اور چیف سیکریٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا بھی وزیراعلی کے ہمراہ تھے۔ ائیر پورٹ سے وزیراعلی بلوچستان پاکستان چائنا بزنس سینٹر پہنچے جہاں ڈائریکٹر جنرل گوادر پورٹ اتھارٹی، ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈی جی نے مختلف ترقیاتی منصوبوں، پینے کے صاف پانی کی دستیابی و دیگر مسائل کے حل سے متعلق اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلی بلوچستان اپنے دورے کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں اور سیاحتی مراکز و مقامات کا دورہ بھی کیا۔ وزیراعلی نے گوادر کے علاقے سربندن میں زیرتعمیر گرلز ہائیر سیکنڈری سکول کا دورہ کیا اور زیر تعمیر عمارت کے مختلف حصوں اور تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ مواصلات کے حکام نے جاری منصوبے پر پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیراعلی بلوچستان نے اسکول میں فٹ سال گراونڈ اور اضافی کمرے بنانیکیلئے حکام کو ہدایات جاری کئے اور زیر تعمیر اسکول کیلئے اضافی گرانٹ دینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر وزیر اعلی کو علاقہ مکینوں نے درپیش پانی اور دیگر مسائل کو حل کرنے کی درخواست کی۔ وزیراعلی نے ڈپٹی کمشنر کو مقامی آبادی کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے فوری طور پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے کہا گوادر کے تمام علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ماہی گیروں کی فلاح و بہبود کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جارہے ہیں۔ دریں اثناء چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد اور وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے گوادر میں سیاحت کے فروغ سے متعلق ویب سائٹ اور ڈیجیٹل ایپ کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں