امریکی فوج نے ایران میں میزائل لانچنگ سائٹس اور بارودی سرنگیں بچھانے والی کشتیوں کو تباہ کردیا، سینٹ کام

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے ایران کے جنوبی علاقے میں فوجی کارروائی کرتے ہوئے متعدد اہم اہداف کو نشانہ بنایا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ سینٹ کام کے مطابق حملوں میں ایران کی میزائل لانچنگ سائٹس اور بارودی سرنگیں بچھانے والی کشتیوں کو تباہ کیا گیا ہے۔ امریکی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائیاں امریکی فوجیوں کے دفاع میں کی گئیں، کیونکہ ایرانی فورسز خطے میں بارودی سرنگیں نصب کرنے کی کوشش کر رہی تھیں، جو بین الاقوامی بحری راستوں اور امریکی مفادات کے لیے خطرہ بن سکتی تھیں۔ سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز نے کہا کہ امریکی فوج جاری جنگ بندی کے دوران تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی افواج کا دفاع جاری رکھے ہوئے ہے۔ کیپٹن ہاکنز کا کہنا تھا کہ حملوں کا ہدف بندر عباس کے قریب ایک علاقہ تھا۔ بندر عباس جنوبی ایران کا ایک بندرگاہی شہر ہے اور یہاں ایرانی بحری اڈہ موجود ہے، جو آبنائے ہرمز پر واقع ہے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق یہی علاقہ حملوں کا مرکز تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں