جیکب آباد، رمضان میں گرمی اور لوڈشیڈنگ کا عذاب عوام پر مسلط
جیکب آباد؛ جیکب آباد میں ماہ مبارک میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو عذاب میں مبتلا کردیا، سحر و افطار کے وقت بجلی و گیس کی بندش سے شہری مشکلات کا شکار۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں رمضان المبارک کے بابرکت ماہ میں بھی بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے، شہر کے کئی علاقوں میں سحر و افطار کے اوقات میں بجلی بند کی جارہی ہے جبکہ اکثر علاقوں میں پورا پورا دن بجلی کی آنکھ مچولی کی جارہی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، علاوہ ازیں شہر بھر میں گیس کی لوڈشیڈنگ بھی کی جانے لگی ہے اکثر اوقات گیس کا پریشر کم ہونے اور کئی کئی گھنٹوں تک گیس کی فراہمی مکمل بند ہونے سے شہری عذاب میں مبتلا ہوچکے ہیں، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کیا جائے اور ماہ مبارک میں شہریوں کے ساتھ ذیادتی بند کی جائے۔


