آزادی اظہار رائے کے بغیر جمہوریت کا تصور نامکمل ہے، سردار یار محمدرند
کوئٹہ:بلوچستان اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے” عالمی یوم صحافت” کے موقع پر بلوچستان میں گزشتہ ڈیڑھ دہائی کے دوران پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں شہید ہونے والے 45 کے قریب صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حق و سچ کی پاداش میں شہید ہونے والے ان قلم کے پاسبانوں کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا اظہار رائے کی آزادی ہر شہری کا آئینی و بنیادی حق ہے جس کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہونا چاہیے آزادی رائے کے بغیر جمہوریت کا تصور نامکمل ہے بلوچستان کے باسی بہت ہی مشکل حالات سے گزرے ہیں امن کے موجودہ حالات تک پہنچنے میں صحافیوں، بحالی امن پر معمور اداروں اور عام لوگوں نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں اس امن کی ہمیں بھاری قمیت چکانی پڑی ہے سرزمین بلوچستان پر امن و بھائی چارے کی فضاء کو خراب کرکے مذموم مقاصد کے حصول میں سرگرداں عناصر کو منہ کی کھانی پڑے ہے اور آئندہ بھی ہر طرح کی سازشیں ناکام رہیں گی اپنے ایک بیان میں سردار یار محمد رند نے کہا کہ پوری دنیا میں اٹھنے والی انقلابی تحریکوں کی کامیابی کا انحصار تحریر و تقریر پر مبنی ماحول سے ہی ہوا ہے بنیادی انسانی حقوق اور جمہوریت کی بقاء حقیقی صحافت سے وابستہ ہے جس میں سچائی بنیادی عنصر ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صحافیوں سمیت حق و سچ کی تلاش میں سرگرم ہر فرد نے ایک طویل سفر کیا ہے اور یہ سفر ابھی ختم نہیں ہوا اہلیان بلوچستان کے حقوق کا استحصال کرنے والے ہر دور میں ایک نیا روپ دھار کر سیاسی و سماجی فورمز اور مختلف شعبہ جات میں نازل ہوتے رہتے ہیں لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ ہر دور میں ہر فرعون کے لئے ایک موسی بھی پیدا ہوتا رہا ہے ہر ذی شعور کا فرض ہے کہ وہ فرعون کا نہیں موسی کا ساتھ دے ورنہ تباہی و بربادی فرعون اور اس کے پیروکاروں کا مقدر ہی ٹھہرے گی سردار یار محمد رند نے کہا کہ عالمی یوم صحافت کے موقع پر تمام صحافتی تنظیموں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ حق و سچ کی جدوجہد میں ہم ہمیشہ سچائی کے ساتھ کھڑے ہونگے اور ملک میں غیر جا نبدارانہ اور آزاد میڈیا کے قیام کے لئے صحافی بھائیوں کے شانہ بشانہ ہم قدم رہیں گے


