وفاقی کا بینہ نے جرنلسٹ پروٹیکشن ایکٹ کی منظوری دیدی

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ سفرا کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں بلخصوص مزدوروں کی تکالیف کو دور کرنے سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر مسلم لیگ (ن) کی تنقید پر حیرت ہوئی ہے، پہلی مرتبہ ایک وزیر اعظم اشرافیہ کے مقابلے میں مزدوروں کے ساتھ کھڑا ہے اور یہ ہی ہمارا منشور ہے،واقعات کے تناظر میں وزیر اعظم عمران خان کو بیان دینا پڑا، ایک سفارتخانے کیخلاف تحقیقات ہورہی ہیں،(ن)لیگ بتائے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے حق اور انتخابی اصلاحات کے خلاف ہیں تو بتائیں کہ آخر آپ کی سیاست کیا ہے؟،کراچی کے حلقہ این اے 249میں دوبارہ پولنگ ہونی چاہیے،کابینہ نے جرنلسٹ پروٹیکشن ایکٹ کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت میڈیا مالکان متازع جگہوں پر رپورٹنگ پر جانے والے صحافیوں کو حفاظتی سامان فراہم کریں گے۔جمعہ کو مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ایک وزیر اعظم اشرافیہ کے مقابلے میں مزدوروں کے ساتھ کھڑا ہے اور یہ ہی ہمارا منشور ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا خیال ہے کہ وزیر اعظم کو مزدوروں کی بات نہیں کرنی چاہیے کیونکہ اس سے عالمی سطح پر سبکی ہوئی ہے۔فواد چوہدری نے انکشاف کیا کہ واقعات کے تناظر میں وزیر اعظم عمران خان کو بیان دینا پڑا، ایک سفارتخانے کیخلاف تحقیقات ہورہی ہیں۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ بیرون ملک مقیم ایک پاکستانی خاتون کے دوران ملازمت متعدد مرتبہ ریپ کیا گیا اور جب وہ سفارتخانے مدد کے لیے پہنچی تو عملے کے رکن نے کہا کہ تمہاری متعدد مرتبہ طلاق ہوئی ہیں کیونکہ تمہیں پولیس کے حوالے کردوں۔فواد چوہدری نے بتایا کہ وہ خاتون اس قدر خوفزدہ ہوئی کہ واپس اسی گھرمیں چلی گئی جہاں اس کے ساتھ ریپ ہوا تھا۔کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے 249 میں ووٹ کی دوبارہ گنتی کے حوالے سے کہا کہ ہم نے پہلے ہی مطالبہ کردیا تھا کہ یہ معاملہ دوبارہ گنتی کا نہیں بلکہ دوبارہ الیکشن کا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے ضمنی انتخاب میں ہونے والی دھاندلی سے واضح ہوگیا کہ انتخابی اصلاحات کس قدر ضروری ہیں اور وزیر اعظم عمران خان کیوں بار بار زور دے رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا ہم مسلم لیگ (ن) سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن آپ سنجیدہ رویہ اختیار کریں۔ انہوں نے کہا اگر کوئی صحافی کو کوئی نقصان ہوتا ہے تو اس کی ذمہ داری میڈیا مالکان پر عائد ہوگی۔انہوں نے کہاکہ قانون کے تحت کوئی بھی صحافی ہو اس سے ذریعہ نہیں پوچھا جائے گا۔اس موقع پر مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ آن لائن شاپنگ کی بڑی بین الاقوامی کمپنیوں میں سے ایک ایمیزون کی جانب سے پاکستان کو آئندہ چند روز میں سیلر لسٹ میں شامل کرلیا جائے گا جس کے بعد ایکسپورٹ کا ایک اور راستہ کھل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی بنیادوں پر ایمیزون نے 40 ایکسپورٹرز کی منظوری دی ہے۔مشیر تجارت نے کہا کہ اب نوجوان ملک سے بیرون ملک اپنی تیار کردہ مصنوعات کو فروخت کرسکیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں