صوبے میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فورسز نے پلان تیار کر لیا ہے، پولیس

کوئٹہ: انسپکٹر جنرل پولیس محمد طاہر رائے نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے فورسز نے پلان تیار کرلیا ہے، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں مزید تیزی لائی جارہی ہے، کوئٹہ کے 29تھانوں کے ایس ایچ اوز کو خود مختار بنادیا گیا ہے، پہلے سمارٹ پولیس اسٹیشن اور وومن پولیس اسٹیشن کا لنک سینٹرل ڈیٹا بیس کے ساتھ منسلک ہے۔ ان خیالات اظہار انہوں نے بدھ کے روز سول لائن پولیس اسٹیشن میں پہلے سمارٹ پولیس اسٹیشن کے افتتاح اور وومن پولیس اسٹیشن کے معائنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سمارٹ پولیس اسٹیشن میں طریقہ کار اسپیڈی بنایا گیا ہے اور جس میں ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے پہلے جو سروس مہینوں میں ملتی تھی اب وہ عوام کو ہفتوں میں ملے گی، سمارٹ پولیس اسٹیشن میں تمام سروسز دستیاب ہیں اس اسٹیشن میں عوام کو کریکٹر سرٹیفکیٹ،لائسنس کے ڈپلوکیٹ اور دوسری سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ وومن پولیس اسٹیشن میں بھی تمام سروسز دستیاب ہیں، پورے صوبے کے خواتین کے ہراسمنٹ اور دوسرے کیسز سے متعلق مذکورہ وومن اسٹیشن سے رابطہ کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وومن اسٹیشن کے دورے کا مقصد بھی یہی تھا کہ یہاں موجود سہولیات کا جائزہ لیا جاسکے، دونوں پولیس اسٹیشنوں کا لنک سینٹرل ڈیٹا بیس کے ساتھ ہے اب صوبے کے کسی بھی علاقے کے لوگ یہاں آکر رپورٹ کرسکتے ہیں۔ کوئٹہ کے 29تھانوں کے ایس ایچ اوز کو خود مختار بنادیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اگر لیویز ایریا کا کوئی کیس ہے تو اس کا مقدمہ لیویز تھانے میں درج کرکے کوئٹہ شفٹ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں 147پولیس اسٹیشنز ہیں، مزید تھانوں کے قیام کے لئے پی ایس ڈی پی میں فنڈز ڈلوا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں