نشتر ہسپتال ملتان میں 12 ڈاکٹرز کے کورونا ٹیسٹ مثبت
ملتان کے نشتر ہسپتال میں 12 ڈاکٹرز، چھ پیرا میڈیک اور دیگر طبی عملے میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔شتر ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر مصطفیٰ کمال نے بی بی سی کی نامہ نگار ترہب اصغر سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ کچھ ڈاکٹرز اور طبی عملے کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ان افراد میں بیماری کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں جبکہ انھیں طیب اردوغان ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا ہے کہ اگلے لائحہ عمل کے لیے اجلاس میں فیصلے کیے جائیں گے، جیسے ہسپتال کو کیسے وائرس سے پاک کرنا ہے۔’وہ تمام لوگ اور سٹاف جو ان ڈاکٹروں کے رابطے میں آئے انھیں آئسولیشن اور قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان ڈاکٹر مسعود ہراج نے اس معاملے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ روز قبل وارڈ نمبر11 میں ہاؤس جاب ڈاکٹر میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ وارڈ نمبر 11 میں ڈیوٹی دینے والے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اور دیگر 60 افراد کا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔اس سے قبل اب تک پاکستان میں طبی عملے سے تعلق رکھنے والے عملے میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے جن میں سے 83 ڈاکٹرز اور بقیہ پیرا میڈیک عملہ ہے۔