سرجیکل ماسک کی قیمتوں میں اضافہ، وفاقی،صوبائی حکومتوں اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو نوٹس

لاہور:لاہور ہائیکورٹ نے سرجیکل ماسک کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف دائر متفرق درخواست پر وفاقی،صوبائی حکومتوں اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 مارچ کو جواب طلب کر لیا،عدالت نے آئندہ سماعت پر وفاقی اور صوبائی حکومت کے ذمہ داروں کو ریکارڈ سمیت ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی بھی ہدایت کر دی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مامون رشید شیخ نے ریمارکس دئیے کہ بادی النظر میں سارے ہسپتالوں میں سرجیکل ماسک غائب ہیں۔ سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ انسپکشن ٹیمیں بنا دی گئیں ہیں۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے سرجیکل ماسک کی قیمتوں میں غیر آئینی طور پر اضافہ کر دیا گیا ہے،کرونا وائرس کے پیش نظر ذخیرہ اندوزوں کی جانب سے قیمتوں میں اضافہ کیا گیا،سرجیکل ماسک کی قیمت 80 روپے سے بڑھ کر 480 سے 1000 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ استدعا ہے کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ماسک کی دستیابی کو یقینی بنائے اورذخیرہ اندوزں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا حکم دیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں