میری بلوچستان کے عوام سے اپیل ہے کہ اس عیدپر گھر میں رہیں، عبدالکریم نوشیروانی

کوئٹہ:بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ عید الاضحی ہمیں خوشیوں کے ساتھ ساتھ قربانی، ایثار، محبت اور رواداری کا درس دیتی ہے خوشی کے اس مذہبی تہوار پر میری بلوچستان کے عوام سے اپیل ہے کہ وہ عید الاضحی کرونا کی وباء کے باعث سادگی سے مناتے ہوئے اپنے گھروں میں رہیں غریب و مساکین اور حقداروں کی ہر ممکن مدد کریں۔ یہ بات انہوں نے عید الاضحی کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہی سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ یہ خوشی کا موقع ہمیں ایک عظیم قربانی کی یاد تازہ کراتا ہے اور اسی امر کا متقاضی ہے کہ انسانیت کے جذبے کو پروان چڑھانے کے لئے صبر، استقامت، ایثار اور قربانی کا جذبہ ہونا لازمی ہے۔ انہوں نے خاران سمیت صوبہ بھر کے عوام کو عید الاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سنت ابراہیمی پر عملدرآمد کرتے ہوئے ہمیں آج یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم بھی اس مملکت خداداد جو کہ کلمہ طیبہ پر معرض وجود میں آئی ہے، کی بقاء و سلامتی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ عید الاضحی سادگی سے منائی جائے اور عوام گھروں تک محدود رہیں کیونکہ پاکستان سمیت پوری دنیا اس وقت کرونا جیسی عالمی وباء کی زد میں ہے اور اس وباء سے نمٹنے کے لئے پاکستانی قوم کو اتحاد، قربانی، ایثار، محبت اور رواداری کا بھرپور مظاہرہ کرنا ہوگا اور من حیث القوم اس خطرناک بیماری کا ماضی کی طرح مقابلہ کرکے اسے شکست دینا ہوگی۔ انہوں نے عوام سے یہ بھی اپیل کی کہ اس خوشی کے موقع پر غریب مساکین اور نادار لوگوں کو نہ بھولیں اور ان کی ہر ممکن مدد کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں