غیر معیاری خوراک تیار کرنیوالوں کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں مزید تیز ہوگئیں
اوستہ محمدط: غیر معیاری خوراک تیار کرنیوالوں کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں مزید تیز ہوگئیں، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ضلع جعفرآباد کے سب ڈویژن اوستہ محمد میں معروف بیکرز کے بیکنگ یونٹ کو ناقص صفائی اور خراب مٹھائیاں و زائد المعیاد فوڈ کلرز کی موجودگی پر جرمانہ کیاگیا جبکہ کھانے پینے کی اشیاء کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مختلف مراکز کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کئے گئے۔وندر ضلع لسبیلہ میں بی ایف اے حکام نے علاقے میں قائم جنرل سٹورز، بیکریوں، ہوٹلوں اور نان شاپس کا معائنہ کرتے ہوئے مذکورہ مراکز میں تیار و فروخت کی جانے والی اشیاء خوردونوش کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ حال ہی میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے تین زونل آفیسز قلات و مکران زون بمقام خضدار، نصیرآباد و سبی زون بمقام ڈیرہ مراد جمالی اور ژوب زون بمقام لورالائی میں قائم کیے گئے ہیں، ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے ابراہیم بلوچ کی خصوصی ہدایات و متعلقہ زونل ڈائریکٹرز کی سربراہی میں مذکورہ زونل دفاتر میں تعینات فوڈ سیفٹی ٹیمیں مقامی لوگوں کو معیاری و محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لیے انجمن تاجران کے نمائندوں و تاجر برادری کے وفود سے ملاقاتیں کرکے انہیں حفظانِ صحت کے اصولوں سے متعلق شعور و آگہی دے رہی ہیں، ساتھ ہی انہیں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی مرتب کردہ خصوصی ایس او پیز کی کاپیاں فر اہم کر کے اس حوالے سے خصوصی آگاہی بھی دی جا رہی ہے


