اگر تصویر سچی ثابت ہوئی تو عہدے سے مستعفی ہونگے، اختر مینگل، ظہور بلیدی اور لیاقت شاہوانی کے درمیان بحث
کوئٹہ :ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال تربت میں رکشہ کی تصویر،سرداراخترجان مینگل،ظہور احمد بلیدی اور لیاقت شاہوانی میں بحث،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو تربت نے تصویر اصلی ثابت ہونے پر اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا بھی اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سرداراخترجان مینگل نے تصویر شیئر کی جس میں دیکھاجاسکتاہے کہ چنگچی رکشہ آپریشن تھیٹر میں لایاجارہاہے اپنے پیغام میں سرداراخترجان مینگل نے لکھاہے کہ یہ ضلع کیچ کا ٹیچنگ ہسپتال تربت ہے جیسا کہ آپ سب دیکھ سکتے ہیں کہ یہاں سی پیک کی وجہ سے ترقی اپنے عروج پر ہے۔جس پر ردعمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ میر ظہوراحمدبلیدی نے کہاکہ یہ تصویر ترمیم شدہ ہے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال تربت نہ صرف تربت بلکہ پورے مکران ڈویژن کے مریضوں کو صحت کی تمام تر ضروری سہولیات کی فراہمی کررہاہے اس کی او پی ڈی میں تقریباََ روزانہ 15سو مریضوں کاعلاج ومعالجہ ہوتاہے انہوں نے کہاکہ تربت میں حکومت پنجاب اور بلوچستان حکومت کے مشترکہ منصوبے کے طورپر ایک اور جدید ترین ہسپتال تعمیر کیاجارہاہے۔ظہوراحمدبلیدی نے کہاکہ حال ہی میں پاکستان میڈیکل کونسل کے وفد نے مکران میڈیکل کالج کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال تربت کا دورہ کیا سیکرٹری صحت ودیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے جس کے دوران منظور شدہ میڈیکل کالج کیلئے درکار سہولیات اور سروسز کا معائنہ کیاگیا اگر سرداراخترجان مینگل کو شک ہے تووہ بجائے اپنی پارٹی کاوفد تصدیق کیلئے بھیج سکتاتھا لیکن انہوں نے فوٹو شاپ تصویر پوسٹ کرکے سی پیک منصوبوں سے منسلک کیا۔دوسری جانب حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ میں نے اس سلسلے میں ایم ایس تربت ہسپتال سے رابطہ کیاہے ایم ایس نے کہاہے کہ یہ تصویر تربت ہسپتال کی ثابت ہوئی تو وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے۔


