مہاتیر مسترد، محی الدین ملائیشیا کے وزیر اعظم مقرر

کولالمپور:ملائیشیا کے بادشاہ نے ملک کے نامور سیاستدان محی الدین یاسین کو نیا وزیر اعظم تعینات کردیا جس کے ساتھ ہی مہاتیر محمد کے دوبارہ وزیر اعظم بننے کے ارمان خاک میں مل گئے۔اے پی کے مطابق محی الدین دراصل مہاتیر کی جماعت برساتو کے سربراہ ہیں اور ان کی جانب سے وزیر اعظم کا منصب سنبھالے جانے کے بعد (یو ایم این او) دوبارہ اقتدار میں آ جائے گی جسے 2018 میں انتخابات کے بعد اقتدار سے بے دخل کردیا گیا تھا۔یاد رہے کہ مہاتیر نے یونائیٹڈ مالے نیشنل آرگنائزیشن سے معاہدے سے اس لیے انکار کیا تھا کیونکہ اس جماعت سے تعلق رکھنے والے نجیب رزاق سمیت متعدد رہنماؤں کے خلاف کرپشن کے مقدمات چل رہے ہیں۔محی الدین کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے ہفتے کو مہاتیر کے سابق حکمران اتحاد کے سربراہ انور ابراہیم کے ساتھ معاملات طے پا گئے تھے اور دیگر رہنماؤں کی جانب سے بھی رضامندی ظاہر کیے جانے کے سبب وہ ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم بننے کے قریب پہنچ گئے تھے۔لیکن جب شاہی محل نے محی الدین کی بحیثیت وزیر اعظم تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بادشاہ سلطان عبداللہ سلطان احمد کا ماننا ہے کہ محی الدین کو عوام کی اکثریت کی حمایت حاصل ہے اور وہ اتوار کو وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں