چین انسانیت کے لئے امن اور ترقی کو فروغ دینے کی کوششیں جاری رکھے گا:چینی وزیر خارجہ
بیجنگ چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی نے کہاہے کہ ان کا ملک بین الاقوامی امور میں اقوام متحدہ(یو این)کے بنیادی کردار کا مضبوطی سے تحفظ کرتے ہوئے انسانیت کے ہم نصیب مستقبل پرمبنی برادری کی تشکیل کے لئے بھرپور کوشش اور دنیا کی تمام ترقی پسند قوتوں کے ساتھ ہاتھ ملاتے ہوئے انسانیت کے لیے امن اور ترقی کے عظیم مقصد کو آگے بڑھانے کے لیے انتھک محنت کرے گا۔وانگ نے ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ میں عوامی جمہوریہ چین (پی آر سی)کی قانونی نشست کی بحالی کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کیا۔1971 میں اپنے 26 ویں اجلاس میں، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے قرارداد 2758 کو بھاری اکثریت سے منظور کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں عوامی جمہوریہ چین کے تمام قانونی حقوق بحال کئے تھے۔وانگ نے کہا کہ گزشتہ 50 سالوں میں، چین، ٹھوس اقدامات کے ساتھ، اقوام متحدہ کے منشورکے مقاصد اور اصولوں پر پورا اترا ہے اور وہ عالمی امن کا ایک اہم معمار، عالمی ترقی میں سب سے بڑا شراکت دار اور بین الاقوامی نظام کا مضبوط محافظ بن کرسامنے آیا ہے۔اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دنیا ایک نئے تاریخی دوراہے پر ہے، وانگ نے کہا کہ عالمی برادری کو چیلنجز سے نمٹنے اور مشترکہ ترقی کو پہلے سے کہیں زیادہ فروغ دینے کے لیے ملکر چلنے کی ضرورت ہے۔کثیرالجہتی نظام کو برقرار رکھنے اور عالمی امن واستحکام کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے وانگ نے مزید کہا کہ ممالک کو چند ایک ملکوں کی جانب سے پوری دنیا پر اپنے قوانین مسلط کرنے کی کوششوں کا کثیرالجہتی کے ذریعے مقابلہ کرنا چاہئے۔وانگ نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ وبا کے خلاف تعاون کو مضبوط کرتے ہوئے مشترکہ طور پر زندگی اورصحت کے لیے ایک دفاعی لائن بنائیں، اور دنیا بھر میں ویکسین کی منصفانہ اور مساوی تقسیم کے لیے کوشش کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سائنسی روح کا احترام کرتے ہوئے چین عالمی سطح پر وائرس کے ماخذ کی کھوج میں تمام فریقوں کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔


