افغان عوام امن معاہدے کو جنگ کے خاتمے لیے غنیمت سمجھیں، ٹرمپ
واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغان عوام پر زور دیا ہے کہ وہ نئے مستقبل کے موقع سے فائدہ اٹھائیں۔ طالبان کے ساتھ معاہدہ افغانستان میں جاری جنگ کے خاتمے کی راہ ہموا کرے گا۔ تمام افغان قوتوں کو اس موقعے کوغنیمت سمجھنا چاہیے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ یہ افغانستان کے عوام پر منحصر ہوگا کہ وہ اپنے مستقبل کا تعین کیسے کرتے ہیں۔ لہذا ہم افغان عوام سے گذارش کرتے ہیں کہ وہ امن اور اپنے ملک کے لیے ایک نئے مستقبل کے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر طالبان اور افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہیں تو ہم افغانستان میں جنگ ختم کرنے اور اپنے فوجیوں کو وطن واپس لانے کے لئے آگے بڑھیں گے۔انہوں نے کہاکہ طالبان کے ساتھ معاہدے کے بعد افغانستان میں تعینات 12 یا 13 ہزار امریکی فوج کی تعداد کم کرکے 8 ہزار 600 کردی جائے گی۔ اگر طالبان نے معاہدے کا احترام کیا تو امریکی فوج افغان سے مرحلہ وار مکمل طور پر نکل جائے گی۔