وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات،

دوشنبے :وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے ملاقات کی جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، سی پیک اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات جمعہ کو یہاں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، سی پیک اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ملاقات میں چین کے صدر اور وزیراعظم کے لئے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے بہت قریب اور تزویراتی شراکت دارہیں۔ انہوں نے کووڈ 19کی وبا کے دوران چین کی طرف سے پاکستان کے ساتھ تعاون کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک ایک کایا پلٹ منصوبہ ہے اور دونوں اطراف اس کی جلد تکمیل کے لئے کوشاں ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کے لئے بے حد ضروری ہے، پاکستان نے افغانستان میں امن کے لئے بہت تعاون کیا ہے،پاکستان اور چین نے ایک مربوط علاقائی اپروچ کے لئے افغانستان کے 6ہمسائیہ ممالک کا اجلاس بلانے کے لئے ملکر کام کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو افغان عوام کی مدد کے لئے کوششیں جاری رکھنا ہوں گی اور افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے اور معیشت کی مضبوطی کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں اطراف اعلی سطحی تبادلے جاری اور مشترکہ دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطہ استوار رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں