ثانیہ مرزا سے علیحدگی، شعیب ملک نے ثنا جاوید سے شادی کرلی
لاہور (انتخاب نیوز) سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک سے طلاق کی ذرائع نے بھی تصدیق کر دی ہے۔ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے حوالے سے کافی عرصے سے یہ باتیں زیر گردش تھیں کہ دونوں کے ازدواجی تعلقات ٹھیک نہیں ہیں اور دونوں ایک دوسرے سے علیحدہ زندگی گزار رہے ہیں۔اس دوران ثانیہ مرزا اکثر سوشل میڈیا پر اپنی اور بیٹے کی تصاویر اپ لوڈ کرتی رہیں تاہم ان تصاویر میں شعیب ملک موجود نہیں ہوتے تھے اور چند روز قبل بھی ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا پر ایک معنی خیز پیغام شیئر کیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا شادی اور طلاق دونوں ہی مشکل فیصلے ہیں۔ دوسری جانب آج جب شعیب ملک اور اداکارہ ثنا جاوید نے سوشل میڈیا پر اپنی شادی کا اعلان کیا تو ثانیہ اور شعیب کے درمیان طلاق کی خبریں ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیر بحث آ گئیں کہ آیا دونوں کے درمیان طلاق ہوئی یا صرف علیحدگی ہوئی کیونکہ اب تک دونوں کی جانب سے باقاعدہ طور پر اپنی طلاق یا خلع کے حوالے سے کچھ نہیں کہا گیا۔ اب ذرائع کا بتانا ہے کہ ثانیہ مرزا شعیب ملک کے دوسری خواتین کے ساتھ میل ملاپ سے خوش نہیں تھیں، ثانیہ مرزا ایک عرصے تک شعیب ملک کو نظر انداز کرتی رہیں۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ صبر کا پیمانہ لبریز ہونے پر ثانیہ مرزا نے انتہاہی قدم اٹھایا اور شعیب ملک سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔