کوئٹہ، چیف سیکرٹری بلوچستان کا سول ہسپتال کا اچانک دورہ ، صفائی کی ابتر صورتحال پر اظہار برہمی

کوئٹہ(انتخاب نیوز)چیف سیکرٹری بلوچستان مطہرنیاز رانا نے سوموار کے روز سنڈیمن پروونشل ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری بلڈنگ غلام علی بلوچ اور سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی ہاشم غلزئی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیف سیکرٹری نے سول ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی کی ابتر صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس کو خصوصی ہدایات جاری کی کہ ایک ہفتے کے اندر ہسپتال میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے اور پرچی فیس کو فوری طور پر ختم کی جائے بصورت دیگر ذمہ داران کیخلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نےکہا کہ صوبہ کی عوام کو اعلی طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت محکمہ صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور صحت کے شعبے میں اچھی سہولیات کی فراہمی کو ترقی کا اہم اشارہ سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز انسانیت کی خدمت کے لیے مزید جذبے سےکام کریں کیونکہ طب کا شعبہ ایک مقدس پیشہ سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے چہرے کی شناخت پر مبنی حاضری کا نظام نصب کرنے کی بھی ہدایت کی اور ہسپتال میں ٹریفک اور پارکنگ نظام کو بھی بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ سول ہسپتال میں ادویات فراہمی اور ڈاکٹرز کی کمی جیسے مسائل کے حل کو فوری طور پر یقینی بنائیں اور متعلقہ حکام کی طرف سے غیر ذمے داری یا غفلت کا مظاہرہ کرنے سے ادویات کی فراہمی میں قطعاً تعطل پیدا نہ ہو ۔ چیف سیکرٹری نے اس موقع پر مزید کہا کہ وہ تمام ہسپتالوں کا خصوصی دورہ کرینگے اور انتظامات کا جائزہ لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں