حکومت بلوچستان عوام کو صحت کی معیاری اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے،ربابہ بلیدی
کوئٹہ:پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بدھ کے روز عالمی ادارہ صحت بلوچستان کے علاقائی دفتر کوئٹہ کا دورہ کیا اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر اسفندیار یار شیرانی اور رومانا خان نے ڈبلیو ایچ او کی معاونت سے بلوچستان میں جاری منصوبوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ای پی آئی، نیوٹریشن سمیت ہیلتھ سیکٹر کے مختلف شعبوں میں معاونت جاری ہے کوویڈ کی عالمی وباء کے دوران ڈبلیو ایچ او محکمہ صحت بلوچستان سے قریبی رابطہ کاری میں رہا اور ماس ویکسینیشن سینٹرز کے قیام سمیت بی ایم سی میں سنٹرل سٹریلائزیشن ڈیپارٹمنٹ میں طبی آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا جبکہ صحت کے شعبے میں ڈبلیو ایچ او معاونت کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے لئے پرعزم ہے، پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے ڈبلیو ایچ او کے بلوچستان میں جاری منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو صحت کی معیاری اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے اور اس ضمن میں اقدامات کو بار آور بنانے کے لیے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں انہوں نے کہا کہ کوویڈ اور روٹین ایمیونائزیشن کے اہداف کے حصول لئے ڈبلیو ایچ او کی معاونت قابل ستائش ہے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں خسرہ اور روبیلا مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے اقدامات کو موثر بنایا گیا ہے اور ہم نے ایم آر کے اہداف کو 95 فیصد تک لے جانے کے لئے قابل عمل حکمت عملی مرتب کی ہے، اس موقع پر عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں نمائندے ڈاکٹر پالیتھا ماہیپلہ کی جانب سے سے خسرہ اور روبیلا مہم کی کامیابی کے لیے تحریر کردہ مراسلہ بھی پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کے حوالے کیا گیا جس میں حکومت بلوچستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری صحت کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا، پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر پالیتھا ماہیپلہ کی نیک خواہشات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے جاری منصوبوں میں محکمہ صحت اپنے تعاون کے تسلسل کو جاری رکھے گا


