وزیراعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دینے کا مطالبہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا
لاہور: وزیراعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دینے کا مطالبہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، صارفین نے کہا ہے کہ عمرا ن خا ن نے افغان امن معاہدے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے بھی ہر ممکن اقدامات کیے۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی وزیراعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دینے کا مطالبہ کیا ہے۔گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ افغان امن کیلئے عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا تاریخی اور فیصلہ کن کردار ہے، طالبان امریکہ امن معاہدہ وزیراعظم عمران خان کے اصولی موقف کی جیت ہے، اس لئے عمران خان ہر لحاظ سے امن کے نوبل انعام کے حقدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کیلئے دنیا افواج پاکستان کی قربانیوں کی بھی تعریف کر رہی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف بھر پور جنگ لڑنیوالی افواج پاکستان پر ہمیں فخر ہے۔چوہدری محمد سرور نے مزید کہا کہ پاکستان کی مخلص کوششوں کی وجہ سے ہی افغانستان میں 19سالہ جنگ کا خاتمہ ہو رہا ہے، پاکستان پورے خطے میں امن کا حامی ہے کیونکہ اس سے ترقی اور خوشحالی آئیگی۔ بھارت کے جنگی جنون کے خلاف بھی وزیر اعظم عمران خان نے امن کا پیغام دیا۔