سندھ حکومت کا وزیراعظم ٹائیگر فورس کو ریلیف مہم میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ

کراچی: سندھ حکومت نے وزیراعظم کی ٹائیگر فورس کو ریلیف مہم میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے چیف سیکرٹری کے خط سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔صوبائی وزیر امتیاز شیخ کا اس معاملے پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سندہ ریلیف آپریشن کوغیر سیاسی رکھا گیا ہے۔ مستحقین تک راشن کی ترسیل شفاف طریقے سے کی جا رہی ہے۔امتیاز شیخ نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کا ورکر ریلیف آپریشن کا حصہ نہیں، ٹائیگر فورس سیاسی ورکروں پر مشتمل ہے۔ تمام کمیٹیاں، این جی اوز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز آپریشن کا حصہ ہیں۔صوبائی وزیر توانائی نے کہاکہ سیاسی جماعت کی فورس یا ورکر کو ریلیف آپریشن کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا۔ ڈپٹی کمشنرز کو اس قسم کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ کسی بھی پارٹی کی سیاسی فورس ہو، اسے شامل نہیں کریں گے۔ ٹائیگر فورس میں سیاسی ورکرز ہیں۔ جماعت اسلامی، (ن) لیگ والے بھی کہیں گے ہمارے ورکرز کو شامل کیا جائے۔امتیاز شیخ نے دعویٰ کیا کہ ہمارے پاس اتنے ورکرز ہیں، کسی پارٹی کے ورکرز کی ضرورت نہیں، یہ وہی ڈپٹی کمشنر ہیں جن کو وزیراعظم استعمال کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں