شہباز شریف کی پیشی کا نیب میں دوبارہ بلاوا،22اپریل کو طلب کرلیا

اسلام آباد:قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی پیشی کا نیب میں دوبارہ بلاوا آگیا، نیب نے 22اپریل بارہ بجے طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق نیب لاہور کی جانب سے ملزم شہباز شریف کے جواب کے پیش نظر تمام حفاظتی اقدامت کیساتھ انہیں 22 اپریل دن 12 بجے نیب ٹیم کے روبرو پیش ہونے کا نوٹس ارسال کر دیا گیا۔ نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف کو یقین دہانی کروائی گئی کہ کرونا وباء کے پیش نظر مکمل حفاظتی اقدامات اختیار کئے جائینگے۔نیب ذرائع کے مطابق مبینہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی انکوائری آخری مراحل میں داخل ہے شہباز شریف سے سوالات کے جواب انتہائی ضروری ہیں۔ذرائع کے مطابق نیب لاہور میں پیشی کے موقع پر سوشل ڈسٹینسنگ کے تحت نیب ٹیم مناسب فاصلے پہ رہتے ہوئے سوالات کرے گی۔ذرائع کے مطابق نیب لاہور کی جانب سے شہباز شریف کیخلاف جاری اثاثہ جات انکوائری کیس میں 17 تاریخ کو طلبی کا نوٹس ارسال کیا گیا جس میں اہم سوالات کے جواب حاصل کرنے کیلئے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تاہم شہباز شریف کی جانب سے کرونا وباء کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش نہ ہونے کی پلی لی گئی۔ذرائع کے مطابق طلبی نوٹس میں شہباز شریف کو ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں