کسی کو سندھ کی وزیرِ صحت کا نام بھی معلوم ہے؟ شہباز گل


اسلام آباد:پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی ٹیم میں وفاق میں ڈاکٹر ظفر مرزا، پنجاب میں ڈاکٹر یاسمین راشد، خیبر پختون خوا میں تیمور خان فرنٹ فٹ پر لڑتے دکھائی دے رہے ہیں، کسی کو سندھ کی وزیرِ صحت کا نام بھی معلوم ہے؟سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بار پھر سندھ حکومت کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ آپ بات کرتے ہیں کارکردگی کی، خدارا! بیانات سے باہر آئیں، عوام کی جانیں بچائیں، سیاست پھر سہی۔انہوں نے کہا کہ سچائی یہ ہے کہ این سی سی اجلاس میں آپ نے ایکسپورٹ انڈسٹری کو کام کرنے دینے کی تجویز سے بھرپور اتفاق کیا، مگر سندھ پہنچتے ہی نجانے کیا کرشمہ ہوا کہ آپ اپنے کہے سے مکْر گئے۔شہباز گل نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان تمام فیصلے باہمی رضامندی سے کرتے ہیں لیکن آپ کی جانے کونسی مصلحت آڑے آتی ہے کہ سندھ میں فیصلوں پر عمل درآمد نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے وزیرِ اعظم پاکستان کے بروقت اقدامات کو عالمی ادارہ صحت نے بھی سراہا۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان پورے پاکستان کے وزیرِ اعظم ہیں، اسی لیے انہوں نے 1 ماہ کے دوران 9 بار این سی سی اجلاس کی صدارت کی جن میں تمام صوبائی وزرائے اعلیٰ کی مشاورت اور اتفاقِ رائے سے پالیسی منظور ہوتی ہے، یہ پیپلز پارٹی والے بعد میں مکر کیوں جاتے ہیں؟ان کا سوشل میڈیا پر کہنا ہے کہ اچھی خبریہ ہے کہ 30 اپریل سے پاکستان میں روزانہ ایک لاکھ این 95 ماسک بننا شروع ہو جائیں گے۔شہباز گل نے کہا کہ یہ ماسک جو کہ نا صرف پاکستان کی اپنی ضرورت پوری کریں گے بلکہ ایکسپورٹ بھی کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے بحران میں پاکستانی قوم کا رسپانس بہترین رہا ہے جو کہ ہر اعداد و شمار سے ثابت ہوتا ہے۔شہباز گل نے پاکستان میں بننے والے این 95 ماسک کی قیمت بتاتے ہوئے یہ بھی کہا کہ 300 سے 400 سو روپے تک ان کی قیمت ہو گی، جب پروڈکشن بڑھ جائے گی تو یہ اور سستے ہو جائیں گے۔