وزیر اعظم ہاتھ میں کشکول پکڑ کر بھکاری بنا بیٹھا ہے،احسن اقبال
مریدکے(این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے نیب کو احتساب کی جگہ مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے کا ادارہ بنا دیا ہے،تاریخ میں پہلی بار چوری کرنے کے بجائے ترقیاتی کام کروانے پر جیل بھیجا جا رہا ہے مگرہم غربت کے خاتمہ کیلئے بار بار جیل جانے کے لئے تیار ہیں۔مریدکے میں متحدہ پریس کلب کے صدر اے حمید اور جنرل سیکرٹری رانا جعفراور فیروزوالہ بار کے سابق صدر رانا ہدایت ایڈووکیٹ کے ڈیرہ پر گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ اللہ تعالی نے ہمیں عوام کے سامنے سرخرو کیا ہے اور جھوٹے الزام لگانے والے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قوم کے کندھے دہشت گردی کے باعث جنازے اٹھا کر شیل ہو چکے تھے اور عوام بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا عذاب بھگت رہے تھے مگر عوامی قیادت کے اقدامات سے ملک ترقی کی طرف گامزن ہوا۔ سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں پاکستان سرمایہ کاری مقناطیس تھا مگر آج وزیر اعظم ہاتھ میں کشکول پکڑ کر بھکاری بنا بیٹھا ہے اور عوام خود کشیوں پر مجبور ہیں۔