رواداری اور برداشت کو فروغ دینے کا راستہ جمہوریت میں ہے، بلاول بھٹو

اسلام آباد/کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں رواداری اور برداشت کو فروغ دینے کا واحد راستہ جمہوریت کی مضبوطی میں پنہاں ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے برداشت و رواداری کے عالمی دن کے موقعے پر اپنے پیغام میں کہا کہ عدم رواداری اور عدم برداشت کا رجحان ہمارے معاشرے میں پھیل رہا ہے، جو ہر ذی شعور فرد کے لیئے باعثِ تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی دھاندلیوں، غیرمنصفانہ فیصلوں، آمریت کے بار بار تسلط، اور جمہوریت کو پھلنے پھولنے سے روکنے کے باعث ہمارے معاشرے میں عدم برداشت اور انتہاپسندی کے رجحانات میں اضافہ ہوا ہے، وگرنہ سرزمین پاک تاریخی طور ہمیشہ رواداری پسند اور انسانیت دوست رہی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ دنیا میں اس وقت بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت جتنی آج ہے، ماضی میں شاید ایسی ضرورت کبھی نہ رہی ہو۔ ہر شکل اور ہر سطح پر تعصب کا خاتمہ اور تحمل و اعتدال کو اختیار کرنا ہی، پرامن و بقائے باہمی کے اصولوں پر مبنی عالمی معاشرے کی تشکیل کو جنم دے سکتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی سوچ، قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریئے اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفے کی روشنی میں، پاکستان کو برداشت و رواداری کا گہوارہ بنانے کیلئے سرگرم عمل رہے گی، یہ وہ جدوجہد ہے جس پر وہ اپنے قیامِ کے پہلے دن سے عمل پیرا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں