سینیٹ میں حکومت کے پاس اکثریت نہیں ہے اس لئے انہوں نے دھوکہ کیا، خورشید شاہ
کندھ کوٹ:پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئررہنماخورشید شاہ نے کہا ہے کہ سینیٹ میں جو بل پاس ہوئے ہیں اس میں دھوکہ کیا گیا، سینیٹ میں حکومت کے پاس اکثریت نہیں ہے اس لیے انہوں نے دھوکہ کیا۔ سید خورشید شاہ نے نے کندھکوٹ میں کھوسو ہاؤس پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے، ان کے ہمراہ پارٹی رہنما گل محمد جکھرانی و دیگر بھی موجود تھے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہاکہ جتنے بھی بل سینٹ اور قومی اسمبلی میں پاس ہوئے ہیں ان کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا اور سپریم کورٹ میں بل کیوں نہیں چیلنج ہو سکتے، ہر غیر قانونی بل چیلنج ہوسکتا ہے انہوں نے کہاکہ جو سینٹ میں بل پاس ہوئے ہیں اس میں انہوں نے دھوکہ کیا ہے ان کے پاس کوئی سینٹ میں اکثریت نہیں ہے اس لئے وہ یہ بے ایمانیاں کرتے ہیں، اور بلدیاتی انتخابات ہونے جارہے ہیں ابھی بھی ان میں دو سال لگیں گے یہ لوگوں کو بے وقوف بنا رہے ہیں جبکہ مشین بنانے کے لیے پچاس سے 60 ارب روپے چاہیں 9 لاکھ مشینیں ہونی چاہیے جس میں مزید دو سال لگ سکتے ہیں،


