اپنے دور اقتدار کا خود ساختہ ”خادم اعلی“ بہانہ بازیوں سے باز رہے‘ فیاض الحسن چوہان


راولپنڈی: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کورونا وائرس کو بہانہ بنا کر نیب میں پیشی سے نہ گھبرائیں بلکہ نیب کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہو کر قومی خزانے کو ”وائرس زدہ“ کرنے کے سیاہ کرتوتوں کا حساب دیں – اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دانشمندی کا تقاضا یہ ہے کہ ”شوباز شریف“ قومی ادارے کا وقت ضائع نہ کریں اور نیب میں پیش ہو کر کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے میں تعاون کا مظاہرہ کریں – وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں حکومت پاکستان قوم کو کورونا وائرس سے بچانے کے لئے پرعزم انداز میں جنگ جاری رکھے ہوئے ہے جس کے نتیجہ میں ملک سے کورونا وائرس کا مکمل صفایا یقینی ہوگیا ہے لیکن ”شوباز شریف“ نے اپنے دور اقتدار میں قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹنے کے لئے جو تباہ کن وائرس پھیلایا تھا اس کے نتیجہ میں وہ قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے- فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ شہباز شریف نے قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر اپنے تئیں ”خادم اعلی“ ہونے کی خود ہی نفی کی جس کا اب نہ صرف جواب دینا مشکل ہو گیا ہے بلکہ دکھاوے کی عوامی خدمت کا ہمہ وقتی راگ الاپنے والا قوم کے سامنے شرم سے سرجھکانے پر بھی مجبور ہو گیا ہے – انہوں نے مزید کہا کہ لندن سے نکلتے وقت پاکستان پہنچ کر کورونا وائرس کے خلاف جنگ کرنے کا کھوکھلا نعرہ لگانے والا اب ہمت کا مظاہرہ کرے اور 22 اپریل کو نیب کے سامنے پیش ہو کر لوٹ مار کی مذموم کاروائیوں کا حساب دے –