سندھ میں ڈبل سواری پرپابندی کا نوٹیفیکیشن ہائیکورٹ میں چیلنج


کراچی:سندھ میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹیفیکیشن سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیاہے۔ڈبل سواری پر پابندی کیخلاف درخواست صحافی عمیر انجم نے دائر کی جسے عدالت نے فوری سماعت کیلیے منظور کرلیاگیا۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے 18 اپریل کو ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری ہوا جس میں کہا گیا کہ ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق صحافیوں، خواتین اور بچوں پر بھی ہوگا۔درخواست کے متن کے مطابق صحافی کرونا وائرس سے متعلق خبریں اور معلومات عوام تک پہنچا رہے ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ ڈبل سواری پر پابندی سے شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں لہذا محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹیفیکیشن غیر قانونی قرار دیا جائے۔درخواست میں حکومت سندھ، محکمہ داخلہ، آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کو فریق بنایا گیا ہے۔